اسلام آباد(صباح نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے پاک فوج کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کیس میں بانی ایم کیو ایم کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دیتے ہوئے الطاف حسین کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ہفتہ کوانسداد دہشت گردی اسلام آبادکی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اسلام آباد نے بانی ایم کیو ایم کی پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے بانی قائد ایم کیو ایم کی جائیداد قرق کرنے اور دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم کی جائیداد کی تفصیل طلب کرلی۔ بانی ایم کیو ایم کیخلاف تھانہ مارگلہ میں اشتعال انگیزتقاریر کا مقدمہ درج ہے۔ بانی ایم کیو ایم تھانہ گولڑہ، سیکرٹریٹ، بہارہ کہو اور تھانہ کوہسار کے کیسزمیں پہلے ہی اشتہاری ہیں۔