لاہور (نمائندہ جنگ )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نیب زرداری کی طرح نواز شریف کو بھی ولی اللہ ثابت کرنا چاہتا ہے،ملک سے کرپشن کے خاتمے اور عوام کو کرپٹ اشرافیہ سے نجات دلانے و ملک میں جمہوریت ، آئین اور انصاف کی بالادستی تک خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کریں گے ۔محض نواز شریف کی نا اہلی سے قوم مطمئن نہیں ہو گی ۔
پاناما لیکس میں جن 425 پاکستانیوں کے نام آئے ہیں ان کا بھی احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے آصف علی زرداری کو کلین چٹ دے دی ہے ، لگتا ہے وہ نواز شریف کو بھی پاک صاف قرار دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بتائیں کہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے ریفرنس دائر ہوجانے کے باوجود وہ کابینہ کا حصہ کیوں ہیں ۔
انہوں نے اسحاق ڈار سے بھی کہا کہ وہ پھر پاکستانیوں کے لئے بھیک مانگنے کے لئے جا رہے ہیں انہیں قوم کی نمائندگی کا حق نہیں ۔ نواز شریف کی طرح انہیں بھی مشورہ دیتا ہوں کہ جب تک وہ عدالت سے کلیئر نہیں ہو جاتے منصب چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم جن کے خلاف 450 ارب روپے کرپشن کا کیس ہے وہ ملک سے باہر چلے گئے۔