بہاول پور میں 9سالہ لڑکے جبکہ مظفر گڑھ میں شوہر نے بھائی کی مدد سے خاتون کو قتل کردیا۔
بہاول پور میں مبینہ طور پر دکاندار نے 9 سال کے لڑکے کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا،دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق احمد پور شرقیہ کے محلہ کٹڑا احمد خان میں محمد بلال چیز لینے دکان گیا تھا، لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ بلال کو دکاندار نے قتل کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق محمد بلال کا محلے کی دکان سے خریدے گئے بسکٹ کے پیکٹ سے ٹوکن انعام نکلا تھا، جب بلال نے دکان دار ایاز سے انعام مانگا تو وہ مشتعل ہو گیا اور اس نے چھریوں کے وار کرکے بلال کو قتل کردیا۔
پولیس نے دکاندار کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
ادھر مظفرگڑھ میں شوہر اور دیور نے مبینہ طور پر تشدد کرکے خاتون کوقتل کردیا،پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق شاہ جمال میں تنویر نامی شخص نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر اپنی بیوی صنم بی بی کو مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کردیا۔
مقتولہ کے اہل خانہ کے مطابق صنم بی بی کی شادی 3سال قبل تنویر سے ہوئی تھی،تنویر اکثر بیوی پر تشدد کرتا تھا۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور دیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،جبکہ اس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔