• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کسی بھی قسم کا سیاسی بحران نہیں، سازشیں ہوتی رہی ہیں کوئی نئی بات نہیں، شاہد خاقان عباسی

Todays Print

لندن(جنگ نیوز / نیوز ایجنسیز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کا سیاسی بحران نہیں، سازشیں ہوتی رہی ہیں کوئی نئی بات نہیں، حکومت اپنا کام کررہی ہے ، نواز شریف سے پارٹی معاملات پر بات ہوئی ہے ، ٹرمپ کی تقریر پر قومی سلامتی کمیٹی کے ذریعے جواب دے دیا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اتوار کو سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے لندن میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ، وزیر خزانہ اسحاق ڈارو دیگر نے شرکت کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، پارٹی امور پر مشاورت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اتوارکو وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی موجود تھے۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری ر ہنے والی اس ملاقات میں ملکی صورتحال، توانائی کے منصوبے اور عدالتی معاملات زیر بحث آئے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظربعض اہم فیصلے کیے گئے۔

ملاقات کے بعدوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے مختصرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف سے پارٹی معاملات پر گفتگو کی گئی ہے، میٹنگ میں تھا این اے 120کے الیکشن رزلٹ کا علم نہیں، حتمی نتائج کے بعد بات ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کسی بھی قسم کا سیاسی بحران نہیں ،سازشیں ہوتی رہی ہیں کوئی نئی بات نہیں ان کامقابلہ کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر حکومت اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹرمپ کی تقریر پر قومی سلامتی کمیٹی کے ذریعے جواب دے دیا ہے اور قومی سلامتی کمیٹی کی پالیسی ہی پاکستان کی پالیسی ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ کلثوم نوازکی تیمارداری کیلئے لندن آئے ہیں، انشااللہ الیکشن میں مسلم لیگ( ن) ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی ، کچھ شکایات آئی ہیں ، معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھائیں گے ۔

تازہ ترین