اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا گیا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں ، لاہور ، پشاور ، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ برما کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کر کے پاکستانی سفیر کو برما سے واپس بلایا جائے اور میانمار سے ہر قسم کی تجارت اور تعلقات ختم کیے جائیں ۔ عالم اسلام روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ اور اراکان میں ان کی آزاد ریاست کے لیے اقوا م متحدہ میں آواز اٹھائیں ۔ یوم یکجہتی کے موقع پر منصورہ ملتان روڈپر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اگر حکومت نے برما کے سفیر کو فوری طور پر پاکستان سے نہ نکالا تو برمی سفارتخانے کی طرف ملین مارچ کریں گے ۔ مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے عالم اسلام کے حکمرانوں کو بیدار ہونا ہوگا ۔ امیر العظیم نے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں کے بہتے لہو اور جلتی لاشوں پر عالمی ضمیر اور اقوا م متحدہ اندھی گونگی اور بہری ہو گئی ہے ، انہوں نے کہاکہ حکومت نے جماعت اسلامی کے احتجاج اور سراج الحق کی آواز پر چند قرار دادیں پاس کیں اور بیانات دیئے مگر یہ کافی نہیں انہیں آگے بڑھ کر دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف اقوام متحدہ میں احتجاج کرناچاہیے کہ وہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر کیوں خاموش ہے ۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور انجمن تاجران ملتان روڈ کے صدر ذیشان علی نے بھی خطاب کیا ۔