• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، گھریلو تنازعہ پرشوہر کی فائرنگ، بیوی اور سسر جاں بحق

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھوک چراغ دین میں گھریلو تنازعہ پر خاوند نے بیوی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں بیوی اور اس کا باپ جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے بیوی اور سسر کے قتل کے الزام میں داماد اور اس کے تین بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔ملزموں کی گرفتار کے لئے ایک ٹیم گجرات روانہ ہوگئی ۔ ڈھوک چراغ دین سٹریٹ10 میں رہائش پذیر محمد اکرم نے اپنی بیٹی کی شادی ملک پور گجرات کے رہائشی محمد اصغر سے کی تھی جس کے تین بیٹے پیدا ہوئے اور بیٹی کا انتقال ہوگیا جس پر محمد اکرم نے اپنی دوسری بیٹی ارباب کو محمداصغر کے نکاح میں دے دیا جو چار بچوں کی ماں ہے۔ ارباب خاوند سے ناراضگی کے بعد گجرات سے آکر اپنے باپ کے گھر ٹھہری ہوئی تھی دو دن پہلے محمدا صغر بیوی کو منانے کے لئے آیا اور بیوی کو ساتھ چلنے کے لئے کہا مگر اس نے انکار کردیا۔ ہفتہ کی صبح محمد اصغر اپنے تینوں بیٹوں عنصر،ادریس اور ناصر کے ہمراہ اپنے سسرال آیا اور ساتھ چلنے سے انکار پر بیوی کو گولی ماردی،سسر بیٹی کو بچانے کے لئے سامنے آیا تو وہ بھی گولی کا نشانہ بن گیا۔دونوں کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے محمد اکرم کے بیٹے عمران اکرم کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا۔محمد اکرم کی عمر65 سال اور ارباب اکرم کی عمر 30 سال بتائی جاتی ہے، پولیس نے مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد کردیں، وقوعہ صبح 8 بجے رونما ہوا اور ریسکیو 1122 نے 5منٹ بعد موقع پر پہنچ کر انہیں ڈی ایچ کیو منتقل کردیا مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
تازہ ترین