قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایم کیو ایم سے متعلق اپنے ماضی کے بیانات پر، جن میں انہوں نے ایم کیو ایم پر سنگین الزامات لگائے تھے، معافی مانگنی چاہئے۔
اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ اتحاد سے پہلے اپنے بیانات پر شرمندگی کا اظہار بھی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے پی ٹی آئی کا اتحاد عارضی ثابت ہوگا اور یہ زیادہ دیر نہیں چل سکے گا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا اور اتحاد بھی بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں ۔
خورشید شاہ کے کہا کہ عمران خان واپسی کے دروازے بند کرکے اصولوں کی سیاست کا تاثر دیتے ہیں۔مگر پھر جنہیں وہ دوسری پارٹی میں برا کہتے ہیں اسے اپنی پارٹی میں شامل کرکے اچھا ثابت کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کا میدان ہر کسی کیلئے کھلا ہوتا ہے اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم اپنی کوششیں پوری کرلیں اور زور بازو آزما لیں۔