• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی طیاروں کی شمالی کوریا کے قریب پروازیں، ٹرمپ خود کشی مشن پر ہیں،پیا نگ یانگ واشنگٹن کو راکٹ حملوں کی دھمکی

نیویارک (جنگ نیوز) امریکا کے محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی بمبار طیاروں نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پروازیں واضح پیغام ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے متعدد فوجی راستے موجود ہیں، شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خودکش مشن پر ہیں۔انہوں نے امریکا کو راکٹ حملوں کی دھمکی بھی دی ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ اپنی جذباتی بیان بازی یوں ہی جاری رکھتے ہیں تو شمالی کوریائی وزیر خارجہ ری اور کم جونگ زیادہ دیر تک نہیں رہیںگے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی بمبار طیاروں نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کی جنرل اسمبلی میں کئی گئی تقریر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ذہنی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان پر طاقت کا خبط سوار ہے اور وہ اس ناقابل واپس غلطی کو ناگزیر بنا رہے ہیں کہ شمالی کوریا امریکی سرزمین کو راکٹوں سے نشانہ بنا سکتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کی تقریر کے جواب میں کہا ہے کہ اگر وہ اپنی جذباتی بیان بازی یوں ہی جاری رکھتے ہیں تو پھر مسٹر ری اور کم بہت دیر تک نہیں رہیں گے۔صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا: ʼابھی اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کے خطاب کو سنا۔

اگر وہ لٹل راکٹ مین کی ہی سوچ کی صدا بلند کرتے ہیں تو پھر وہ بہت دیر تک نہیں رہیں گے۔شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے تعلق سے حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گيا ہے۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ کے خطاب سے زرا پہلے پینٹاگون نے کہا تھا کہ اس کے جنگی جہازوں نے شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد سے کافی دور شمال میں پرازیں کی ہیں۔ پینٹاگون کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ یہ مشن امریکی ارادے کا ثبوت ہے اور واضح پیغام ہے کہ صدر( ٹرمپ) کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے متعدد فوجی راستے موجود ہیں۔ہم امریکی سرزمین اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کیلئے تمام فوجی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘ادھر شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خودکش مشن پر ہیں۔خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ ʼراکٹ مین خود کش مشن پر ہے۔شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے کہا ہے کہ مسٹر ٹرمپ کو اپنی تقریر کی قیمت چکانا ہو گی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ امریکا یا اس کے اتحادیوں کو دفاع کرنے کی ضرورت پیش آئی تو وہ شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔

تازہ ترین