• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی،مزید2 نوجوان شہید

سرینگر (جنگ نیوز)مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بارہمولہ میں مزید2کشمیری نوجوانوں کو شہید ٗ ایک خاتون سمیت تین افراد کو زخمی کر دیا۔

امریکا میں مقیم سیکڑوں کشمیریوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر بھارتی تسلط کیخلا ف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے دونوں نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اوڑی میں کلگئی کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوان شہید کیا ۔

فوجیوں کی فائرنگ سے ایک خاتون سکینہ بیگم سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران حوالدار چندر ا بان زخمی ہو گیا۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ضلع بارہمولہ ہی کے علاقے سوپور میں گرینیڈ کے ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس کے ایک افسر سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج اور پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی شروع کردی ہے۔دوسری جانب نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے امریکا میں مقیم کشمیریوں نے احتجاج کیا ۔ ریلی کے  شرکاء کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا پیغام سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز زیر حراست قتل، جبری گمشدگیوںاور خواتین کی آبرو ریزی کو مقبوضہ کشمیر میں ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ نام جمہوری ملک بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو عمر و جنس کا لحاظ کیے بغیر جیلوں او ر تھانوں میں بند کیا جاتا ہے ۔سیکڑوں کشمیریوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی مندوب کے خطاب کے موقع پر نکالی۔ شرکاء نے تنازع کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی مداخلت کے مطالبے کے حق میں نعرے بلند کئے اورہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔

تازہ ترین