راولپنڈی(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک بھرمیں دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کا آپریشن ردالفساد کامیابی کے ساتھ جاری ہے،سیکورٹی فورسزنے ڈی آئی خان میں 3خطرناک دہشتگرد ہلاک کرد ئیے ۔
خودکش جیکٹ برآمد، آئی ایس پی آرکے مطابق سیکورٹی فورسزنے ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا۔
دوران آپریشن رکنے کااشارہ کرنے پرموٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے فورسز پرفائرنگ کردی۔
تاہم جوابی کاروائی میں سیکورٹی فورسزنے حملہ ناکام بنا کر تینوں دہشت گرد ہلاک کر دئیے ۔ہلاک دہشتگردو ں میں اقبال ، وحید اور ماجد شامل ہیں۔ سکیورٹی اداروں کو انتہائی مطلوب دہشتگرد اقبال کے سرکی قیمت 10لاکھ روپے مقرر تھی۔ دہشت گرد فوج، پولیس اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے ، دہشت گردوں نے درابن میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ادھر پشاور میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 مطلوب دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا گیا۔ سی سی پی او طاہرخان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پشاورمیں خزانہ کے علاقے سے انٹلی جنس بنیادوں پرکیے گئے آپریشن کے نتیجے میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، آپریشن کےدوران 4 مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 3 ایس ایم جیز اور2 پستول سمیت 5 کلو بارود بھی برآمد کیا گیا۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ گرفتاردہشت گرد سیکورٹی فورسزپرحملوں میں بھی ملوث ہیں، دہشت گردوں میں سے ایک ملزم محرم الحرام کے دوران پشاور میں بارود نصب کر رہا تھا جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے جب کہ دوسرا فورسز پر حملوں میں ملوث، تیسرا اورچوتھا دہشت گرد بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔