اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کو ہٹانا میرا حق ہے، جو صوبہ نہیں سنبھال سکا وہ ملک کو کیا سنبھالے گا، جس سیاستدان کے قول و فعل میں تضاد ہو وہ قوم کی کیا قیادت کرےگا۔
سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نیا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے ایم کیوایم سے بات کرکے تحریک انصاف نے تھوکا ہوا چاٹا۔ اگر ایم کیوایم ملک دشمن تھی تو ان کیساتھ کیوں بیٹھ رہے ہیں؟ تو عمران خان ٹھیک تھے یا ایم کیوایم۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری ہے، سیاسی جماعتیں اندر سے کھوکھلی اور گتھم گتھا ہیں، پیپلزپارٹی گڈا گڈی کا کھیل نہیں کھیلے گی، پیپلزپارٹی جمہوریت کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایم کیوایم کے بارے میں جو کہا اس پر وہ ان سے معذرت کریں، تحریک انصاف نے کراچی والوں کی جو دل آزاری کی اس پر معذرت کرنی چاہیے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کررہا ہے، جو سیاستدان عدالتوں اور انصاف سے بھاگتاہے وہ سسٹم سے غائب ہوجاتا ہے۔