اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا ہے ۔
سابق وزیراعظم اور شریف خاندان نے اپنے خلاف مقدمے میں قانون کی پاسداری کی نئی تاریخی مثال قائم کی ہے ،کہا تھا شیر آئے گااور سارا پاکستان دیکھے گا، منی لانڈرنگ سے اقامے پر ختم ہونیوالے کیس پرقوم سوال کررہی ہے،عدالت میں کرپشن کیخلاف نعرے لگانے والے خود مفرورہیں ،عمران پارٹی فنڈنگ کیلئے جوا کھیلتے ہیں پھر معصوم بن کرکہتے ہیں جوا نہیں کھیلا مشورہ دیکر پیسہ کمایا،شریف خاندان کوہر پاکستانی کی طرح تمام قانونی حقوق حاصل ہیں، ان کے قانونی اور بنیادی حقوق کا خیال رکھنا ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کاکہنا تھا کہ عدالت میں کرپشن کے خلاف نعرے لگانے والے عمران خان خود عدالتوں سے مفرور ہیں وہ اداروں کو گالیاں دیتے ہیں، تضحیک کرتے ہیں عدالتوں سے بھاگتے ہیں اور پھر معافی مانگ لیتے ہیں، پارٹی فنڈنگ کے لئے جوا کھیلتے ہیں اور پھر معصوم بن کرکہتے ہیں جوا نہیں کھیلا تھا بلکہ مشورہ کے پیسے لئے تھے۔
ا نہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال میں اداروں کو کمزور کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا بلکہ ان کی حکومت نے خیبرپختون خوا میں اپنی کرپشن چھپانے کے لئے احتساب کمیشن کو ہی تالا لگا دیا۔