• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیراعظم آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

Former Prime Minister Will Appear In Accountability Court Today

نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دائر کیے گئے تین نیب ریفرنسوں پر سماعت آج احتساب عدالت میں ہوگی، نواز شریف کی پیروی ان کے وکیل خواجہ حارث کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آج احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پارٹی ورکرزاور رہنماؤں کی آمد بھی متوقع ہے۔ نواز شریف عدالتی پیشی کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گے ۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کے بچوں کی وکالت امجد پرویز کریں گے۔ عدالت نے نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد محمد صفدر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے ۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت 26 ستمبر کو احتساب عدالت میں ہو گی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت تمام نامزد ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس، لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ہے۔ اس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کے دوبیٹوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کوملزم نامزد کیا گیا ہے۔

دیگر دو ریفرنسز میں العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور آف شور کمپنیوں کی ملکیت سے متعلق فلیگ شپ انوسٹمنٹ شامل ہیں۔ ان دونوں ریفرنسز میں نوازشریف سمیت ان کے دونوں بیٹوں حسن اورحسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو پیش ہونے کے لیے سمن جاری کر رکھے ہیں۔

ملزمان کو پہلے 19 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا اور عدم حاضری پر نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالت نے 26 ستمبر کے لیے دوبارہ سمن جاری کیے۔

عدالتی سمن میں کہا گیا ہے کہ الزامات کا جواب دینے کے لیے آپ کی عدالت حاضری ضروری ہے لہذا 25 ستمبر کی صبح9بجے عدالت میں پیش ہوں۔

 

 

تازہ ترین