تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں پر نیب ریفرنس پر فرد جرم عائد کردی ہے تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار پارٹی، ملکی معیشت کے مفاد میں استعفا دیں کیونکہ وہ کیس پر دھیان دیں گے یا قلمدان پر۔
ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ سب سے گہرے پانی میں اسحاق ڈارہیں، حدیبیہ پیپر ملز کیس کا فیصلہ سات، آٹھ روز میں آجائے گا اور یہ اس سے بچ نہیں سکتے، اس کیس میں سب سے نقصان اسحاق ڈار کا ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، ان چوروں نے ملک کی ناک کاٹ دی ہے۔ بعض لوگوں کوعزت نہیں دولت عزیز ہوتی ہے، یہ بے شرمی کی انتہا ہے، ملک کی اس سے زیادہ اور کیا بےعزتی ہوگی۔