کراچی (نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نیوز لیکس میں یہ بات کنفرم ہے کہ مریم صفدر پیچھے تھیں، میرا آنے والا وقت مصروفیت کا ہے، شاہ محمود قریشی مجھ سے زیادہ سینئر اور پارلیمنٹ کا زیادہ سمجھتے ہیں اس لئے وہ اپوزیشن لیڈر بن سکتے ہیں، سپریم کورٹ اگر نہیں مانتی اور مجھے اڑاناچاہے تو اڑادے میں عدالت کا فیصلہ تسلیم کروں گا کیونکہ میں یہ نہیں کہنا چاہتا کہ مجھے کیوں نکالا، آئی بی ہیڈ کو فوری استعفی دینا چاہئے۔
ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ آئی بی کے ہیڈ کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ اس نے چار دن لندن میں نا اہل سابق وزیر اعظم کے ساتھ گزارے، کیا آئی بی کا سربراہ شریف خاندان کا نوکر ہے یا پاکستان کا سرکاری خادم ہے، بدقسمتی سے ہم سمجھ رہے تھے کہ شاہدخاقان عباسی اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائینگےلیکن وہ خو د ملازم بن گئے، شاہد خاقان عباسی ابھی بھی نوا ز شریف کو وزیر اعظم ہی مانتے ہیں، اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے گرنے کی انتہا اتنی تھی کہ وہ نوا ز شریف کو لینے ائیرپورٹ گئے،ایک مجرم جس پر اربوں روپے کی کرپشن ہے اس کو وطن واپسی پر چالیس گاڑیوں کا پروٹوکول دیا گیا،عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا بل ہماری نظر سے گزر گیا اور یہ شق اتنی خوبصورتی سے ڈال دی گئی کہ کسی کی توجہ ہی نہیں گئی، جب ہمارے ایک وکیل نے دیکھا تو وہ پارلیمنٹ سے گزر چکا تھا،میں دونوں سینیٹر ز سے شدید ناراض ہوں ، ان کی جانب سے لاپروائی کی گئی اور اب ان پر نظر رکھی جارہی ہے، جمہوریت میں کیا یہ ہوتا ہے کہ پنجاب کی پارلیمنٹ سے قرار داد منظور کرائی کہ ہم سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتے، عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے لئے پارٹی کہتی ہے کہ آپ اپوزیشن لیڈر بنیں لیکن آنے والا وقت میرا بہت زیادہ مصروفیت کا ہے.
عمران خان کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں نے بدترین مک مکا کے ذریعے پچھلا الیکشن کرایا اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ہیڈ خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر بن گئے، ن لیگ نے 480؍ ار ب روپے آئی پی پیز کو دئیے تو اس کی تحقیقات کیلئے خورشید شاہ بیٹھے ہوئے تھے اور یہ بہت بڑا ظلم ہوا، چوہدری نثار نے بھی اسمبلی میں کہا کہ ہم نے اربوں روپے کی ترقیاتی فنڈز دئیے، ہمارا اپوزیشن لیڈر بننے کا مقصد یہ ہے کہ ایک تگڑا نیب چیئر مین ، نگراں حکومت اورنیوٹرل الیکشن کمیشن بنائیں، عمران خان کاکہنا تھا کہ جب میں کرکٹ کپتان تھا تو ایک بکی نے مجھے 1982ء میں بیس لاکھ آفر کیا لیکن میں نے کبھی ایسی بات کہی اور اس پر مزید بات میں بعد میں کروں گا،اسی طرح اگر ہم اپوزیشن لیڈر کیلئے نمبر لینے میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں تو ڈر یہ ہے کہ پیسہ چلائیں گے کیونکہ ساری زندگی رشوت دیتے آئے ہیں، اگلے انتخابات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018انتخابات میں یہ جو بھی کرلیں ہم انہیں ہرادیں گے کیونکہ اب ہم تیاری سے جائیں گے.
این اے 120کے الیکشن کے حوالے سے عمران کا کہنا تھا کہ انہوں نے وہاں بھی پیسے چلائے اور زکوۃ کے پیسے بھی چلائے اور آخری دن آٹھ ہزار کے بدلے ووٹ خرید رہے تھے، ہمارے بندوں کو مار ا گیا ہے، ن لیگ کہہ رہی ہے کہ بندے اٹھائے گئے اور پولیس انکار ی ہے، عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مریم صفدر کو تیا ر کر رہے ہیں لیکن مریم صفدر اور چوہدر ی نثار کا کیا مقابلہ ہے ، اسی طرح بلاول بھٹو اور اعتزاز احسن کا کیا مقابلہ ہوسکتا ہے ، اگر ہم یور پ کو دیکھتے ہیں تو وہاں ان کے بچے نہیں آتے میرٹ آگے آتا ہے، ہم جہاں دیکھتے ہیں کرپشن ہے کہیں فضل الرحمان کی فیملی ہے تو کہیں ولی خان کی فیملی نظر آتی ہے،ا چکزئی کو دیکھیں تو وہ بھی اپنا سارا خاندان سیاست میں لے آئے، عمران خان کا کہنا تھا جس انسان میں غیر ت نہیں وہ کبھی بڑے کام نہیں کر سکتا اور اسلام ہی انسان کو غیر ت دیتا ہے.
عمران خان کا کہنا تھا کہ یوتھ کا عمر سے کوئی تعلق نہیں ہوتا وہ بہتر لوگوں کو منتخب کرتے ہیں، اور اس بار سارا نچلا طبقہ تبدیلی کیلئے ہی ووٹ کریگا، عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے باہر کمائی کی اور حلال کمایا اور ساری کمائی پاکستان لایا اور یہ کیسے بیلنس کرسکتے ہیں انہوں تو لانڈرنگ کی اور پیسے چھپائے ہیں،مجھے کوئی ڈر نہیں کیونکہ میں نے منی لانڈرنگ نہیں کی اور ٹیکس میں گھپلا بھی نہیں کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ابھی سڑکوں پر جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن اگر قومی اسمبلی کی منظو ری کے بعد کوئی قانون بناتو ہم چیلنج کر سکتے ہیں۔