شیخ رشید نے کہاہے کہ اپوزیشن لیڈر کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، عمران خان سے صاف کہہ دیا کہ وہ قائد حزب اختلاف بننا نہیں چاہتے، امکان ہے خورشید شاہ سے اس سلسلے میں معاملات طے پاجائیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان ‘میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر نہیں بننا چاہتے اور اس معاملے کو ابھی سیریس گیم بھی نہیں سمجھتے،ہر جماعت میں گروپنگ ہوتی ہے،تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے باقی کسی کا نام نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں چور مچائے شور کی مہم لگی ہوئی ہے،سب سےمشکل کیس وزیرخزانہ کا ہے،اسحاق ڈاراپنے بیان سے پیچھے ہٹتے ہیں تو پھنس جائیں گے اور اگر اپنے بیان پر قائم رہتے ہیں تو نوازشریف پھنستے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ چوروں کے کہنے پر نیب کا چیئرمین نہیں لگے گا،اگر یہی الیکشن کمیشن، نیب اور عبوری حکومت ہو تو وہ لکھ کر دیتے ہیں کہ انتخابات نہیں ہوں گے۔
انہوںنے مزید کہا کہ ملک میں تین مہینے بہت اہم ہیں ، پنجاب میں مستقبل کا الیکشن ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان ہے۔