راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ کارپوریشن کے دفتر میں مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں سے شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے 450سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے صورتحال کی نگرانی کی جائے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف اور ایمبولینس ہمہ وقت موجود ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ بذات خود ساری صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں، شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ ایک دوسرے کے جذبات اور احساسات کا خیال رکھتے ہوئے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔سردار نسیم نے کہا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی اور صفائی سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں۔ بعض علاقوں میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ نے وقتی طور پر راستے بند کئے ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات تو ہوں گی مگر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے یہ اقدام ناگزیر تھا۔ میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ راولپنڈی کی فضا مثالی بنانے رکھنے تعاون کریں۔