• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر پورٹ جلد یورپی ملکوں جیسا نظر آئے گا، گورنر بلوچستان

بارسلونا(شفقت علی رضا )ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین کے زیر اہتمام ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی تھے ۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام سے کیا گیا جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ قدیر احمد خان نے پڑھی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض طاہر رفیع نے ادا کئے ،سعید حیدری نے ملی ترانہ سنایا ۔سیمینار سے ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن سپین کے صدر کامران خان ، چیئر مین پرویز اقبال لوہسر، ویلفیئر قونصلر بارسلونا عمر عباس میلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے ہم بلوچستان کے بارے میں اتنی معلومات نہیں رکھتے ، لیکن آج گورنر بلوچستان کی ہمارے درمیان موجودگی سے ہمیں بلوچستان کے بارے میں ایسی معلومات ملیں جو پہلے ہم نہیں جانتے تھے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان موسم کے اعتبار سے افغانستان اور ایران سے ملتا جلتا ہے ، بلوچستان 90 لاکھ افراد پر مشتمل اوررقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں مون سون کی بارشیں نہیں ہوتیں ،جب پاکستان کے دوسرے علاقوں میں ٹماٹر کی فصل ختم ہوتی ہے تو ہمارے ہاں شروع ہو جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی پاکستان کے اصل سفیر ہیں ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا سیب بہت اچھا ہے یہاں مقیم پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ ان ممالک میں سیب امپورٹ کریں ، انہوں نے کہا کہ چائنا نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان کے معاشی وقار میںاضافہ کیا ہے چائنا نے پاکستان مین 51بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے،تربیلا ڈیم کے بعد پاکستان میں کوئی ڈیم نہ بن سکا اس لئے 13بلین ڈالرز بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں خرچ کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2018تک پاکستان میں 10ہزار میگا واٹ بجلی مزید بن جائے گی جس سے نہ صرف اندھیرے مکمل طور پر چھٹ جائیں گے بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بجلی فروخت بھی کر سکیں گے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کو جلد ہی یورپی ممالک کے مد مقابل لا کھڑا کرے گا اور 15سے 20سال کے قلیل عرصے میںگوادر پورٹ یورپ کا نقشہ پیش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ،وہاں سب ٹھیک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یورپ میں پاکستانیوں کی ترقی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ہمیں دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے اپنے کردار اور اخلاق سے مقامی لوگوں کو مثبت پیغام دینے کی اشد ضرورت ہے ہمیں چاہیے کہ ہم ہر وہ کام کریں جس سے ہمارے وطن عزیز کا وقار بلند ہو ۔سیمینار کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کو جبکہ فیڈریشن نے گورنر بلوچستان کو یادگاری شیلڈز سے نوازا ۔سیمینار میں علی رشید بٹ ، ارسلان مہر ، ڈاکٹر عرفان مجید ،میاں شیراز ، نعمان علی ،راجہ شفیق کیانی ، ادریس راجو ، حافظ احمد ، سفیر اکبر بھٹی، شیر خان ، چوہدری عمران چھوکر کلاں، نامدار اقبال خان اور شہزادہ عثمان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی ۔

تازہ ترین