اسلام آباد (اے پی پی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایف بی آر کی طرف سے جمع کئے جانے والے ٹیکس کے اعدادوشمار پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اعتماد ہے کہ ایف بی آر باقی سال کیلئے ٹیکسوں کی وصولیوں کیلئے اسی جذبے اور لگن سے کام جاری رکھے گا اور ٹیکسوں کی وصولی میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریگا۔ ایف بی آر کے چیئرمین نے وزیرخزانہ کوریونیو وصولی سے متعلق کاوشوں سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں عبوری اعدادوشمار کے مطابق 765؍ ارب روپے جمع کئے گئے۔
30؍ ستمبر 2017ء تک ٹیکسوں کی سے یہ بات ظاہر ہوتا ہے کہ ستمبر 2016ءکے مقابلے میں یہ شرح 20؍ فیصد زیادہ ہے۔ ٹیکسوں کی وصولیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 8؍ فیصد بہتری ہوئی ہے۔ مالی سال 2016-17ءکے دوران پہلی سہ ماہی میں 634؍ ارب روپے ٹیکس وصولیاں کی گئیں جبکہ رواں سال یہ شرح اس کے مقابلے میں 765؍ ارب روپے ہے۔ ستمبر 2017ءمیں عبوری اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے نقد وصولیاں 2016ءمیں 263؍ ارب کے مقابلے میں 315؍ ارب روپے کی ہیں جس سے ایف بی آر کی بہترین کاوشوں کا اظہار ہوتا ہے۔ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ میڈیا کی بعض غیر تصدیق شدہ خبروں کے برعکس ایف بی آر نے جولائی تا ستمبر 2017ءکی سہ ماہی میں اپنی وصولیوں میں 20؍ فیصد اضافہ کیا جبکہ طے شدہ ہدف 19.4؍ تھا ۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی کے دوران جو وصولیاں کی گئی تھیں موجود سال میں اسی عرصہ کے دوران اس میں 6.6؍ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔