کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں بدھ کو این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں کراچی وائٹس نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر 126رنز بناکر 112رنز کی برتری حاصل کرلی۔ سرکاری ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز 195رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پنڈی میں حبیب بینک نے راولپنڈی کو اننگز اور 65رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 130رنز پر ہمت ہار بیٹھی۔ عمر وحید نے 51رنز بنائے ۔ عثمان شنواری نے 46رنز دے کر5 اور جنید خان نے 50 رنز کے عوض3 وکٹ لئے، انہوں نے میچ میں 8وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں حبیب بینک نے اپنی اننگز آٹھ وکٹ پر 297رنز پر ڈیکلیئر کر دی۔ عمران فرحت 94، رمیز عزیز 63رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
دوسری جانب نیشنل بینک نے راولپنڈی میں جاری لاہور بلیوز کے خلاف فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 64 رنز پر چار وکٹ گنوادیے۔ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے اسے 141رنز درکار ہیں ۔ نیشنل بینک کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 154رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سعد نسیم نے 30رنز دے کر6 اور بلاول اقبال نے 28رنز کے عوض 4 شکار کیے ۔ لاہور بلیوز نے 359رنز بنایے تھے ۔ رضا علی ڈار 87، بلاول اقبال 59رنز بنائے۔ ایبٹ آباد میں پشاور ریجن کے خلاف سوئی سدرن گیس نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے 95رنز بناکر 251رنز کی برتری حاصل کرلی۔ پشاور کی ٹیم 192رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں اسلام آباد ریجن کے 315رنز کے جواب میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم نے آٹھ وکٹ پر 265رنز بنا لئے۔ افتخار احمد 98اور سمیع نیازی 21رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ محمد حفیظ نے 37رنز اسکور کئے۔ اقبال اسٹیڈیم میں واپڈا نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ پر 140اسکور کرکے 112رنز کی برتری حاصل کرلی۔ سلمان بٹ56 رنز بناکر نمایاں رہے۔ قبل ازیں فیصل آباد کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 170رنز بناکر برتری لینے میں کامیاب رہی۔ علی شان 55، افتخار احمد نے 25رنز بنائے۔ ذوالفقار بابر نے 41 رنز کے عوض7 وکٹ لیے۔ لاہور میں یو بی ایل نے میزبان لاہور ریجن وائٹس کیخلاف اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں پر 239رنز بنائے۔ عمر صدیق نے115 اور سعد علی نے 74رنز کی اننگز کھیلی۔ سہیل خان نے 4، ثمین گل نے 3 اور رومان رئیس نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔