قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیراعظم کے ساتھ ڈیڈ لاک کی کوئی صورتحال نہیں ہے، وزیراعظم سے مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔
قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو میںخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران تجویز کردہ ناموں پر مشاورت ہوگی اور ان کے اور وزیراعظم کے درمیان اب تک ڈیڈ لاک کی کوئی صورتحال نہیں ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ تجویز کردہ ناموں میں سے کسی نام کو مسترد یا منظور کرنے کی بات قبل از وقت ہے اور ڈیڈ لاک کا تاثر دینا بھی مذاق کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی مدت ملازمت میں چند روز باقی رہ گئے اور وہ الوداعی ملاقاتیں کر رہے ہیں تاہم نئےچیئرمین نیب کی تقرری کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نام سامنے آچکے ہیں۔