پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی میں شامل حلف نامے میں ترمیم سے متعلق کہا کہ اس المناک غلطی نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی، سوال یہ ہے کہ اس کا ذمےدار کون ہے اس کا تعین ہونا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی وزیر یا ذمہ دار اس کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر اکرم درانی نے نواز شریف اور شہباز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ فوری طور پر ہم ذمہ دار کی نشاندہی چاہتے ہیں۔
آئی بی کے مبینہ خط سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جناب اسپیکر آپ کے حوالے سے بھی ذکر ہے کہ آپ کی بھی نگرانی ہورہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خواجہ آصف نے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جنہوں نے پاکستان میں حکومت کے استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے دیانت داری سے اہم مسئلہ حل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔