• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنج لائن ٹرین کی استقبالیہ تقریب، راولپنڈی کے قائدین کی عدم دلچسپی

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) اتوار کو پہلی اورنج لائن ٹرین لاہور پہنچنے پر استقبالیہ تقریب ہوئی‘ جس کو صوبہ بھر کے اضلاع میں بڑی سکرین لگا کر وڈیو لنک کے ذریعے دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس خصوصی تقریب میں منتخب اراکین مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ساتھ ٹکٹ ہولڈر، بلدیاتی حکومتوں کے سربراہان اور نمائندوں کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران کو مدعو کیا گیا تھا۔ راولپنڈی میں تقریب دکھانے کا اہتمام ضلع کونسل ہال کچہری میں کیا گیا تھا جس کیلئے (ن) لیگ کے تمام منتخب ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگر لیگی رہنمائوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل، چیئرمین ضلع کونسل راولپنڈی شاہد عمران مارتھ، ڈسٹرکٹ آفیسر ریگولیشنز کامران خان، ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس فیصل جاوید، ایس این اے قمر نذیر کے علاوہ سب سے زیادہ تعداد میں ضلع کونسل کے ملازمین شریک ہوئے جبکہ سیاسی زعماء نے وزیراعلیٰ پنجاب کی خواہش کے باوجود تقریب میں کوئی دلچسپی نہ لی۔ تقریب کے آغاز کے بعد ایم پی اے لبنیٰ ریحان تھوڑی دیر کیلئے آئیں اور پھر چلی گئیں۔ آدھی تقریب گزرنے کے بعد شکیل اعوان آئے جبکہ تقریب کے آخر میں میئر راولپنڈی سردار نسیم بھی پہنچ گے۔ ان قائدین کے علاوہ کسی ایم این اے، ایم پی اے یا قابل ذکر سیاسی شخصیت نے شرکت کرنا بھی گوارا نہ کیا۔ اس تقریب کا انعقاد پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا تھا‘ لیکن حکمران جماعت کے رہنمائوں نے اس میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے شرکت ہی نہیں کی۔
تازہ ترین