• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹھائس برس کا خواب پورا،مصر فٹ بال ورلڈ کپ میں پہنچ گیا، ملک بھر میں جشن

اسکندریہ / وارسا (نیوز ایجنسیز) مصر نے کانگوکی فٹبال ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے ہرا کر روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ 28 سال بعد مصر کی قومی ٹیم ورلڈ فٹبال ٹورنامنٹ کا حصہ بننے پر پورے ملک میں جشن منایا گیا ۔ یہ میچ اسکندریہ کے برج العرب اسٹیڈیم میں 80 ہزار پرجوش تماشائیوں کے سامنے کھیلا گیا ۔گزشتہ روز کمپالا میں گھانا اور یوگنڈا کی فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ کا نتیجہ برابر رہنے کے باعث مصر کی قومی فٹبال ٹیم کا فیفا ورلڈ کپ 2018 میں کھیلنے کا خواب پورا ہو گیا ۔ اس میچ میں کوئی ٹیم گول نہیں کر سکی ۔سعودی عرب کی ٹیم پہلے ہی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔ براعظم افریقاکی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مصر نے آخری بار اٹلی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 1990کے بعدایک طویل انتظار کے بعد ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کیاہے۔ کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہیں کر سکی تھی جبکہ63 ویں منٹ میں مصر کو فری کک ملی جسے محمد صالح نے گول میں بدل دیا اور میچ 0-1سے خاتمہ کی جانب رواں تھا کہ کانگو کے فارورڈ موٹاونے 87ویں منٹ میں گول کر کے میچ 1-1سے برابر کردیا ۔آخری منٹ میں مصر کو پنلٹی کک مل گئی جسے محمد صالح نے ہی گول میں بدل کر میچ میں 1-2 کی پوزیشن حاصل کر لی جس نے مصر کی ٹیم کو 28سال بعد فیفا ورلڈ کپ کھیلنے کے قابل بنا دیا۔ اس جیت کیساتھ ہی مصر میں جشن کا سماں بندھ گیا ۔ اسٹیڈیم میں موجود سیکورٹی حکام کا کہنا تھا کہ مصری مداحوں کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے ۔ تمام اسٹاف کرسیوں پر کھڑا ہو گیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لئے یہ جیت بہت اہمیت کی حامل ہے ہم نے تاریخ رقم کی ہے ۔ واضح رہے کہ محمد صالح کے والدین بھی اس میچ کو دیکھنے کیلئے بس کا انتظام کرکے اپنےعلاقے کےلوگوں کو لیکر گئے ۔دوسری جانب پولینڈ نے بھی آئندہ سال روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق یورپ زون گروپ ای میں کھیلے گئے میچ میں پولینڈ نے مونٹی نیگرو کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ پولینڈ یورپ زون سے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے والی چھٹی جبکہ مجموعی طور پر 14 ویں ٹیم ہے۔
تازہ ترین