• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ سے ریاض جانیوالی پرواز کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ

Pia Flight Bound To Riyadh From Sialkot Had Emergency Landing In Lahore

دھوئیں کی نشاندہی کرنے والے آلے میں خرابی کے باعث سیالکوٹ سے ریاض جانے والی پرواز کو لاہور میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی ۔

طیارے کو ٹرمینل سے دور پارک کر کے مسافروں کو اتارا گیا، فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی رن وے پر پہنچ گئیں، بعد میں پتہ چلا کہ اسموک ڈٹیکٹر خراب تھا،مسافروں کو چھ گھنٹے کی تاخیر سے دوسری پرواز سے ریاض روانہ کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائنز کی پروازپی کے 755 نے سیالکوٹ سے سعودی عرب کےشہرریاض جانے کے لیےجوں ہی اڑان بھری تو پائلٹ کو کچھ گڑبڑمحسوس ہوئی۔

خدشہ ظاہرکیاگیاکہ طیارے کے کارگو سیکشن سے دھواں اُٹھ رہا ہے، ایئر بس اے 320 میں 132 مسافر اور عملے کے 6ارکان سوار تھے۔

پائلٹ نے فوری طور پرطیارے کا رُخ لاہور کی طرف موڑ لیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کر کے طیارے کو بحفاظت لاہور ایئر پورٹ پر اتار لیا۔

طیارے کو ٹرمینل سے دور کھڑا کرکے مسافروں کو ہنگامی طور پر اتارنے کے انتظامات کئے گئے، جبکہ فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کر لی گئیں۔

اسٹیشن منیجر طارق مجید کی نگرانی میں طیارےکی تفصیلی چیکنگ کی گئی تو ہرچیز درست پائی گئی، تاہم طیارے کے کنٹرول پینل میں اسموک کی نشاندہی کے لیے لگائے گئے آلےمیں خرابی کو گڑبڑ کا ذمے دار قرار دیا گیا۔

کئی گھنٹے کی تاخیر کے بعد مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے ریاض، جبکہ متاثرہ طیارے کو کراچی روانہ کر دیا گیا۔

تازہ ترین