• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ، نامعلوم افراد نے ڈاکٹر کو قتل کردیا،ملزم گرفتار

سیالکوٹ( نمائندہ جنگ)نامعلوم وجوہات کی بنا پر 2نامعلوم افراد نے سرکاری ڈاکٹر کو قتل کردیا، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا،عینی شاہدین نے کہا کہ گلہ دبا کر مارا گیا،پولیس کے مطابق مقتول کے جسم پر زخموں کے نشانات ہیں،پی ایم اے کا دیگر ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ۔ تفصیلات کیمطابق ڈاکٹر محسن نقوی کو تھانہ رنگپورہ کے علاقہ مہاراجہ روڈ پر واقع ان کے کلینک میں گھس کر 2نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔مقتول ڈاکٹر گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں بطور ماہر امراض بچگان کام کرتے تھے۔سیالکوٹ پولیس کے سب انسپکٹر محمدعارف نے بتایا کہ ملزموں نے تیز دھار آلہ استعمال کیا نہ فائرنگ کی البتہ مقتول کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر زخموں کی نشانات ہیں ۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کی غرض سے قبضہ میں لیکر تفتیش شروع کردی۔عینی شاہد ین کے مطابق ڈاکٹر محسن نماز جمعہ کی ادا ئیگی کے بعد 2بجے جیسے ہی کلینک آئے تو وہاں پہلے سے موجود 2افراد نے ان کو گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور پیدل فرار ہوگئے جن کا الیکٹریشن ناصر نے تعاقب کیا جو مرے کالج روڈ پر شفاخانہ حیوانات کے پاس ٹیوب ویل سے ہاتھ دھونے کے بعد فرار ہوگئے ۔ ملزمان میں سے ایک نے پتلون اور شرٹ جبکہ دوسرے نے کالی شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتا رملزم علی زر ولد حب دار قلعہ احمد آباد ضلع نارروال کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں پی ایم اے سیالکوٹ کا مذمتی اجلاس سیکرٹری ڈاکٹر امتیاز احمد تبسم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مشترکہ طور پر دن دیہاڑے ڈاکٹر محسن نقوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ممبران نے ڈی پی او سے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کیا ۔
تازہ ترین