راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے میونسپل کارپوریشن مری کو جوڈیشل ٹائون کے خلاف کسی کارروائی سے روکتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سوسائٹی ممبران کا موقف سن کر معاملہ حل کیا جائے۔جوڈیشل ٹائون مری کے مجاز نمائندہ حسن اعوان نے محمد کوکب اقبال ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر رٹ میں موقف اختیار کیا تھا کہ جوڈیشل ٹائون بیس سال قبل آباد ہوا۔جس میں اسی کے قریب گھر تعمیر شدہ ہیں۔اس وقت کے ڈی اے سے این او سی لیا گیا تھا۔اب میونسپل کارپوریشن مری انتظامیہ نے نوٹس دیا ہے کہ سوسائٹی غیر قانونی ہے اور اس کو مسمار کردیا جائے گا۔جس کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کیا گیا ہے۔عدالت عالیہ نے کورٹ کال پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سیف الرحمان کو طلب کرکے ہدایات جاری کیں اور مری میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو سوسائٹی ممبران کے خلاف کسی بھی تعزیری کارروائی سمیت دیگر اقدامات سے روکتے ہوئے معاملہ کو حل کرنے کا حکم جاری کیا ۔