• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس ورینجرز کا سرچ آپریشن، 20 مشتبہ افراد زیرحراست

سکھر (بیورو رپورٹ) نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکھر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کی ، اس دوران 20مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع سکھر میں امن و امان کی فضا بحال رکھنے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے پولیس او رینجرز کی جانب سے مشترکہ طور پر سکھر ، روہڑی کے مختلف علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کی گئی، آپریشن کے دوران ہوٹل، مسافر خانے، گیسٹ ہاؤسز اور ایسے مقامات جہاں باہر سے لوگ آکر ٹہرتے ہوں ان کی تلاشی لی گئی اور ان کا ریکارڈ چیک کیا گیا اور وہاں موجود لوگوں کے کوائف چیک کئے گئے اس دوران 20مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش کی جارہی ہے، آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کا مقصد امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنا ہے۔ مشترکہ سرچ و کومبنگ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، مسافر خانوں، بس اڈوں پر مسافروں کی تلاشی لی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں پولیس گشت میں اضافہ کریں مختلف مقامات ریلوے اسٹیشنوں، بس اڈوں، پارکوں، تفریحی و پبلک مقامات پر اچانک چیکنگ کا عمل شروع کیا جائے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی جو بھی افسریا اہلکار غفلت کا مرتکب پایا گیا ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین