شبقدر (نمائندہ جنگ )سینئرصحافی اور پشاور پریس کلب کے ممبر شاہ نواز ترکزئے کو نامعلوم مسلح افراد نے دوپہرکے وقت شبقدرمیڈیا سنٹر سے اغواء کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی پشاور پریس کلب کے ممبر اور مثال ریڈیو کے رپوٹر شاہ نواز ترکزئے جو کہ گزشتہ روز شبقدرمیڈیا سنٹر واقعہ بازار میں بطور مہمان آئے ہوئے تھے کہ اسی دوران دن کے تقریبا بارہ بجے پانچ نامعلوم مسلح افراد شبقدر میڈیا سنٹر میں داخل ہوئے اور موقع پر موجود صحافیوں کی تلاشی لی اور پوچھ گچھ کے بعد شاہ نواز ترکزئے کو اپنے لیپ ٹاپ اور دیگر صحافتی آلات کے ساتھ اپنے ساتھ لے گئے جس پر میڈیا سنٹر میں موجود صحافیوں نے ان سے واقعہ کی معلومات جاننے کی کوشش کی جس پر انہوں نے کہا کہ ہم ان کو تفتیش کیلئے تھانہ شبقدر لے جا رہے ہیں اور کچھ گھنٹوں بعد ان کو واپس چھوڑ دیں گے بعد میں جب شبقدر میڈیا سنٹر کے صحافیوں نے پولیس تھانہ شبقدر سے رابطہ کیا تو انہوں نے واقعہ سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم معلومات حاصل کرکے اپ لوگوں کو اطلاع دے دیں گے واقعہ کے بعد شبقدر اور دیگر علاقوں کے صحافتی تنظیموں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔