• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کوئی سیاسی حادثہ ہوا تو ذمہ دار ی حکومت پر ہوگی ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اگر ملک میں کوئی سیاسی حادثہ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ دار ی موجودہ حکومت پر آئے گی ۔ اداروں کو کمزور اور فتح کرنا کوئی کامیابی نہیں ۔ معاشی انڈیکیٹر خطرناک حد کو چھو رہے ہیں اگر کوئی معیشت کی زبوں حالی کی طرف توجہ دلاتاہے تو حکمران تلملا اٹھتے ہیں ۔ گذشتہ روز منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیرالعظیم کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وقت گزاری کے علاوہ حکومت کا کوئی ایجنڈا نہیں ۔ ن لیگی حکومت ناکامی سے دوچار ہے اور اب تو نوشتہ دیوار پڑھنے کے بھی قابل نہیں رہی ۔ مارکیٹ میں کروڑوں بے روزگاروں کا اضافہ ہواہے مگر حکومت کے پاس روزگار کے ذرائع نہیں اور نہ ہی بے روزگاری ختم کرنے کے لیے کوئی پالیسی بنائی گئی ہے۔ عوام نے سب کو بار بار آزمایا ہے ، اب جماعت اسلامی کے علاوہ قوم کے پاس کوئی چوائس نہیں ۔انہوں نے کہا کہ خاندانوں کے گرد گھومنے والی سیاست اور جمہوریت نے عوام کو بدامنی ، مہنگائی ، ناانصافی اور ٹیکسوں کے تحفے دیے ہیں ،جمہوریت اگر اس چیز کا نام ہے کہ کچھ لوگ عیش و عشرت کریں اور عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پستے رہیں اور عام آدمی بھوکا مر تا رہے تو ایسی جمہوریت سے عوام بے زار ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت اپنی مقبولیت کھو چکی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ عوامی حاکمیت کا مطلب قانون اور میرٹ کی بالادستی ہے اور افراد کی حکومت عوامی نہیں، آمرانہ حکومت کہلاتی ہے ۔ ہمارے ملک میں ایک بار بھی جمہوری اور عوامی حکومت نہیں آسکی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام پینے کے صاف پانی اور نوجوان روزگار کے لیے ترس رہے ہیں ۔ دیہات سے آبادی دھڑا دھڑ شہروں کا رخ کر رہی ہے لیکن شہروں میں آ کر ان کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں جبکہ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں وہ محض ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے جس سے عوام کے اندر شدید مایوسی اور ناامیدی پائی جاتی ہے ۔سینیٹر سر اج الحق نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جن لوگوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک چھپا رکھی ہے ، نیب انہیں پکڑ کر سرمایہ ملک میں واپس لائے گا اور کسی لٹیرے کو بھی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ اور بد دیانت حکمرانوں نے ملک و قوم کو نہ صرف دنیا بھر میں بدنام کیا ، بلکہ عام آدمی کو صیہونی مالیاتی اداروں کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنائیں اور آنے والی نسلوں کو مقروض کیا ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران اپنا سرمایہ ملک میں لگانے کی بجائے باہر منتقل کرتے رہے اور دعوے کرتے رہے کہ ہم بیرون ملک سے پاکستان میں سرمایہ کاری لارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کا دامن صاف اور ماضی تابناک ہے اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔
تازہ ترین