• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری اور کوٹلی ستیاں میں ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں، راجہ عتیق سرور

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) مری اور کوٹلی ستیاں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ ان جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سیاحت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ ان منصوبوں کو مقررہ معیار اور علاقے کے موسمی حالات کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے کیونکہ دیگر علاقوں کی نسبت مری اور کوٹلی ستیاں میں زیادہ بارشیں ہوتی ہیں۔ یہ ہدایات جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) راجہ عتیق سرور نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے دفتر میں مری اور کوٹلی ستیاں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ اعوان‘ اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں شاہد خان‘ ایس ای ہائی ویز شفیق الرحمان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ راجہ عتیق سرور نے ہدایت کی کہ سڑکوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی وہ خود کرینگے‘ کام کے دوران کسی بھی ادارے اور اہلکار کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ این اے پچاس کی عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ جن محکموں نے فنڈز ہونے کے باوجود ابھی تک کام مکمل نہیں کئے اُن کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
تازہ ترین