راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) کھلے دودھ پر پابندی کیلئےحکومت پنجاب کے تعاون سے پاسچرائرائزیشن پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ پاسچرائرائزیشن پلانٹس لگنے کے بعدکھلے دودھ پر 5سال میں مکمل پابندی عائد کر دی جا ئے گی۔ ادھرپنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے لگا کر ملاوٹ زدہ دودھ بیچنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی۔ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں ناقص دودھ سپلائی کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔ راولپنڈی ، مندرہ سے داخل ہونے والی ناقص دودھ کی تین گاڑیوں میں 164ڈرموں میں موجود 23680لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا ۔ اٹک، چکوال، جہلم، مری، ٹیکسلا سمیت شمالی پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں ناکے لگائے گئے اور راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر29ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کے تمام ٹیسٹ موقع پر کئے گئے اور گاڑھا کرنے والے کیمیکل، یوریا، فارمالیں اور دیگر کیمیکلز کی ملاوٹ ثابت ہونے پر دودھ کو ضائع کیا گیا۔