ٹنڈومحمدخان(نامہ نگار‘مانیٹرنگ سیل)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے پرویز مشرف کے ساتھ مل کر جمہوریت کے خلاف سازش کی تھی ‘‘ان کا مستقبل اصغر خان جیسا ہوگا‘ احتساب سب کا ہوناچاہئے‘نوازشریف و دیگر پر فرد جرم سے جمہوریت کمزور ہوگی اور نہ ہی یہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہے‘شریف فیملی کو خودپرلگے الزامات کا جواب دیناچاہئے ‘میرے وزیراعظم بننے کے لئے آئین میں ترمیم کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی جو قومی اسمبلی کا رکن بن سکتا ہے وہ وزیراعظم بھی بن سکتا ہے‘ محترمہ کے اصل ساتھی آج بھی میرے ساتھ ہیں لیکن مفاد پرست لوگ ساتھ چھوڑگئے۔یہ بات انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں شیو مندر میں منعقدہ دیوالی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی‘ انہوں نے کہا کہ احتساب جمہوریت کا حصہ ہوتا ہے اس کے بغیر جمہوریت چل نہیں سکتی‘عمران خان کا مستقبل اصغر خان جیسا ہوگا‘ہمارا خان صاحب سے ذاتی نہیں مگر نظریاتی اختلاف ہے‘عمران خان کرپشن کرپشن کا راگ الاپ رہا ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں ان کے ہی ایم پی ایز اور ایم این ایز کےبدعنوانی کے پول کھول رہے ہیں‘خان صاحب نے ہر موقع پر جمہوریت کے خلاف اقدامات اٹھائے، مشرف جیسا ڈکٹیٹر جو محترمہ بے نظیر اور سابق وزیر اعلی بلوچستان کے قتل میں ملوث تھا کے ساتھ عمران خان تھا، 2014 میں جمہوریت پر جو حملہ ہوا اس میں خان صاحب سب سے آگے تھے‘انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا بہت برا حال ہے‘دولت اور وسائل کی تقسیم خاص لوگوں میں نہیں ہونی چاہئے‘پانی کا مسئلہ پورے ملک اور سندھ میں سنجیدہ ایشو ہے، پانی کی بچت کے لئے اور کام کرنا ہوگا۔