مستونگ+کوئٹہ(نمائندہ جنگ) مستونگ اور گوادر میں دستی بم حملوں میں 41افراد زخمی ہو گئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کیخلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے،مستونگ کے مین بازارمیں بم پھینکا گیا، گوادر میں ہوٹل پرکھانا کھانے والے مزدور نشانہ بنے،تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام 7 بجے نامعلوم افراد نے مستونگ بازار کے مرکزی چوک پر دستی بم پھینک دیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 21 افراد عبدالعزیز فراز احمدسعداللہ محمد دین نثاراحمد حسین بخش زبیراحمد حاجی علی حیدر لعل محمد عمران فیض محمد شعیب احمدعبدالقدیر خلیل احمد اور دیگر زخمی ہوگئے زخمیوں کو ایمبولینس اور پرائیوٹ گاڑیوں میں ڈی ایچ کیو ہسپتال اور دیگر پرائیویٹ ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیاجبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، بعض زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا پولیس اور سیکورٹی فورسز نےموقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، دھماکے سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں بند ہوگئیں۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے مستونگ بازار میں بم حملہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمیں بحیثیت قوم اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کی تہہ تک پہنچنے اور ہر قسم کی تخریب کاری میں ملوث عناصر کے قلع قمع کرنے کے لئے بھرپور اور فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج معالجے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔درایں اثناءوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مستونگ میں ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بم حملے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو شر پسندوں او ردہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے اور مستونگ شہر ونواحی علاقوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر سخت سزا کے مستحق ہیں انہیں کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گااور عوام کی حمایت سے دہشت گردی کے خاتمے کے حکومتی عزم کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ا نہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق گزشتہ روز گوادر کے مقامی ہوٹل میں مزدور رات کے کھانے میں مصروف تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے ہوٹل میں دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 20 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔