مانچسٹر (تنویر کھٹانہ) جہلم فورم کے پہلے باضابطہ اجلاس کے لیے پہلی میٹنگ سے چنی گئی ممبران اور عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کا ایک غیر رسمی اجلاس مانچسٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پارلیمنٹ افضل خان، الیاس گوندل، کونسلر عابد چوہان، کرنل وسیم، چوہدری یعقوب، مقدسہ بانو، نوید چوہان، شہزاد مرزا اور جہلم سے تعلق رکھنے والی دیگر چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی۔ غیر رسمی اجلاس میں جہلم فورم کے آئین، ممبر سازی، انتخابات اور سات نومبر کو ہونے والے پہلے باضابطہ اجلاس کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ فورم کے پہلے باضابطہ اجلاس میں عہدیداروں ایگزیکٹو کونسل ممبران کا بذریعہ انتخابات باقاعدہ چناؤ کیا جائے گا، اس کے بعد فورم کے اغراض و مقاصد، آئندہ کا لائحہ عمل، نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری اور فورم میں نئے شامل ہونے والے ممبران کو تنظیمی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہجہلم فورم کا مقصد برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے بعد پاکستان سے تعلق رکھنے والی دوسری بڑی کمیونٹی جہلمیوں کو ایک فورم پر اکٹھا کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کا تعین کرنا اور بعد ازاں ان مسائل کے حل کے لیے ایک جامع پالیسی ترتیب دینا ہے۔ جہلم فورم ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جس کا مقصد فلاح و بہبود اور کمیونٹی کے مابین رابطہ بڑھانا ہے جس سے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز اس پلیٹ فارم پر جمع ہونگے اور اپنے تجربے سے بیرون ملک اور ضلع جہلم میں بسنے والی عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے ابتدائی طور پر اس اجلاس میں گریٹر مانچسٹر برانچ کے انتخابات کروائے جا رہے ہیں ۔ تاہم بعد ازاں اس فورم کے برطانیہ کے ہر شہر میں عہدیدار چنے جائیں گے اور یہ سلسلہ مختلف ممالک میں بھی اپنایا جائے گا جس کے بعد انٹرنیشنل سطح پر اس فورم کے عہدیداروں کے چناؤ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔