• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی قونصل جنرل کا دورۂ لاڑکانہ، بھٹو اور بینظیر کے مزار پر حاضری

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے امریکا اور سندھ کے عوام کے مضبوطی تاریخی اور موجودہ تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے لاڑکانہ کا دورہ کیا،انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی صاحبزادی محترمہ بینظر بھٹو کے مزار پر بھی حاضری دی۔

امریکی قونصل جنرل نے وہاں امریکی امداد سے چلنے والے رورل ہیلتھ سینٹرکا دورہ بھی کیا۔

امریکی حکومت کے تعاون سے ضلع لاڑکانہ میں ایسے 28 دیہی مراکز صحت چلائے جارہے ہیں جہاں زچہ و بچہ کے علاج معالجے کی سہولتیں بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہیں۔

گزشتہ تین سال میں امریکی حکومت نے سندھ کے تین اسپتالوں کو مالی امداد اور وہاں کام کرنے والے طبی عملے کے ہزاروں افراد کو تربیت فراہم کی ہے۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے لاڑکانہ کی شاہنواز بھٹو پبلک لائبریری کے لنکن کارنر میں ’’انگلش ایکسس اسکالر شپ‘‘ پروگرام کے 50 طلبہ سے بھی ملاقات کی۔

گریس شیلٹن اور طلبہ نے غربت کے خاتمے کے پچیسویں سالانہ دن کے موقع پر اس سال کے موضوع ’’پرامن اور شمولیت کے حامل معاشرے کا راستہ‘‘ پر تبادلہ خیال کیا۔

طلبہ نے سندھی ثقافت کے مختلف پہلوؤں پر پرفارمنس کا بھی مظاہرہ کیا، انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام معاشی طور پر پس ماندہ طبقے کے 13 سے 20 سال کے نوجوانوں کو انگریزی زبان کی تربیت فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے انہیں اعلیٰ تعلیم اور بہتر ملازمت کے مواقع میسر آتے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مزاروں پر بھی حاضری دی اور امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نے عوامی خدمت کی اخلاقیات کا عملی نمونہ پیش کیا اور اس سلسلے میں جو بڑی قربانیاں دینی پڑتی ہیں ان کا عملی مظاہرہ کیا، ہم دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم و استقلال اور ایک پرامن، خوشحال اور جمہوری پاکستان کے خواب کو تعبیر بنانے میں ان کی کوششوں کو تہہ دل سے سراہتے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل نے لاڑکانہ کے نامور تاجروں اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جس کے دوران تجارت و سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں پاک امریکا تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

لاڑکانہ میں گزارے گئے دن کے متعلق امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ ’’اس خوبصورت ضلع میں دوبارہ آکر اور پاک امریکا تعلقات کے نتیجے میں جن لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئی ہے، ان کا مشاہدہ کرکے مجھے بے حد خوشی ہوئی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری روشن مستقبل کی کنجی ہے اور سندھ حکومت کے ساتھ ان شعبوں میں تعاون کے نتیجے میں ہزاروں افراد کی زندگیوں میں جو بہتری آئی ہے وہ بہت اطمینان بخش ہے۔

امریکی حکومت سندھ میں 100 سے زائد جدید ترین اسکولوں کی تعمیر میں بھی معاونت کررہی ہے جس کا مقصد اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنا اور سلسلہ تعلیم ادھورا چھوڑنے والے طلبہ کو واپس اسکول لانا ہے۔

تازہ ترین