راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کی ماڈل کورٹس نے قتل کے چار اور منشیات کے آٹھ مقدمات سمیت 31فوجداری اور دیوانی مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے دیگر کیسوں میں 58افراد کی شہادت قلمبند کرلی۔ منشیات مقدمات میں ملوث ملزمان کو تین سال قید اور سولہ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا‘ عدم ادائیگی جرمانہ پر چار ماہ سترہ دن قید مزید ہوگی جبکہ جرم ثابت نہ ہونے پر چودہ ملزمان کو رہائی ملی اور مختلف الزامات میں گرفتار ہوکر اڈیالہ جیل پہنچائے جانے والے آٹھ ملزمان کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگائی گئی۔ گزشتہ روز سیشن کورٹس نے قتل کے چار کیسوں کو نمٹا کر دیگر میں 23شہادتیں ریکارڈ کیں جبکہ منشیات کے آٹھ کیسوں کا فیصلہ سنا کر دیگر میں چودہ گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔ سول کورٹس میں مختلف نوعیت کے سولہ مقدمات کو نمٹا کر دیگر کیسوں میں 21افراد کے بیان ریکارڈ کئے علاوہ ازیں تین اپیلوں پر بھی فیصلے سنائے گئے۔