راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) حلقہ این اے 55میں دس کروڑ لاگت سے 8انچ قطر کی نئی گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر حافظ محمد عثمان اور سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان نے امام باڑہ محلہ بنی روڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں راولپنڈی میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ اب کوئی بچہ ناشتہ کئے بغیر سکول نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے شیخ رشید کو ہمیشہ اہم وزارت دی لیکن آج وہ ہمارے قائدین کے بارے میں جو زبان استعمال کر رہے ہیں یاد رکھیں لوگ راولپنڈی کی ہر گلی میں ان کا احتساب کرینگے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ہماری امیدوں کا مرکز شہر راولپنڈی ہے‘ ہر دور میں ہمیں راولپنڈی کی گلیوں میں پناہ ملی‘ میں راجہ بازار، فوارہ چوک سے محبت کرتا ہوں‘ اس شہر کا ایم این اے ہمارے قائدین کیخلاف ہرزہ سرائی کرتا ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ اب انہیں گیس مل رہی ہے‘ انکے کاروبار چل رہے ہیں‘ سی این جی اسٹیشن پر کوئی گاڑی 2منٹ سے زیادہ نہیں رکتی۔ راولپنڈی کے میئر سردار نسیم، سابق ایم این اے شکیل اعوان، محمد حنیف عباسی، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، ضیاء اللہ شاہ، تحسین فواد، زیب النساء اعوان اور لبنیٰ ریحان نے ہمیشہ راولپنڈی کے شہریوں کیلئے جدوجہد کی۔ اُنہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن سے قبل 80ارب لاگت سے غازی بروتھا سے راولپنڈی کے عوام کیلئے پینے کا صاف پانی مہیا کرینگے۔ راولپنڈی کے عوام کیلئے ترقیاتی فنڈ کبھی نہیں رکیں گے۔ ملک شکیل اعوان نے کہا کہ شیخ رشید کے ہاتھ لال مسجد کے معصوم بچوں کے خون سے رنگین ہیں‘ جہاں 2005ء کے زلزلے میں یتیم ہونے والے بچے پڑھ رہے تھے۔ وزیراعظم کے مشکور ہیں جنہوں نے راولپنڈی کے ٹی بی ہسپتال کی تکمیل کیلئے 5ارب کی گرانٹ جاری کی۔ سوئی گیس کے پائپ کو نصف صدی کا عرصہ گزر چکا تھا‘ لہٰذا اب نیا پائپ ڈالنے کا منصوبہ 3ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم کے مشیر پٹرولیم حافظ عثمان عباسی نے ملک شکیل اعوان، ڈپٹی میئر چوہدری طارق اور ضیاء اللہ شاہ کے ہمراہ گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔