کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت مدت پوری کریگی، اگست کےاواخر میں نئے الیکشن ہوں گے،پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، کراچی کی رونقیں بحال کیں، آج کراچی کا شمار دنیا کے پرامن شہروں میں کیا جاتا ہے،یہ کامیابی پاکستانی قوم، سیکورٹی اداروں کی محنت، قربانیوں اور شہادتوں کی مرہون منت ہے،وہ سندھ کے دانشوروں سے کہیں گے کہ وہ صوبہ سندھ میں جو حالات ہیں اس کی تبدیلی کے لئے آواز اٹھائیں، مضبوط معیشت ہی کسی ملک کے ناقابل تسخیر ہونے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے،ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اورہم دنیا کو پیغام دیں گے کہ پاکستان نے جمہوریت کا سفر شروع کردیا ہے، سب سے زیادہ پاکستانیت بنگالیوں میں تھی جنہیں ہم نے خود سے الگ کردیا۔ گزشتہ روز آرٹس کونسل کراچی میں سید شاہ محمد شاہ کی سندھی میں سوانح گالبھ اڑانگے یندہجی (مشکل راستے کی کہانی) کی تقریب اجرائ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نےکہا کہ افواج پاکستان اور حکومت ایک پیج پر ہیں، ان میں کوئی اختلاف نہیں جس کا اعلان متعدد بارحکومت اور ترجمان افواج کر چکے ہیں، پاکستان میں پاکستانیت کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ پاکستانیت بنگالیوں میں تھی جنہیں ہم نے اپنے سے الگ کر دیا ، اس کے بعد بلوچستان، سندھ اور کے پی کے عوام کا بہت حق ہے کیونکہ وہ اپنی مرضی سے پاکستان کا حصہ بنے۔ وفاقی وزیر شپنگ وپورٹ حاصل بزنجو نے کہا کہ تاریخ مرتب کرتے ہوئے سچ لکھنا اور وقت کے تقاضوں کے تسلسل کو برقرار رکھنا سوانح نگار کی ذمہ داری ہے۔ صاحب کتاب شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اپنی ساری زندگی جدوجہد کی اب تک جو کچھ کیا وہ اپنا فریضہ سمجھ کر انجام دیا۔