لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کا شاہانہ پروٹوکول کے ساتھ احتساب قوم کو قبول ہے نہ وہ نوازشریف اور ان کے خاندان کے احتساب سے مطمئن ہے۔ جب تک لٹیروں کو جیلوں میں نہیں ڈالا جاتا ، احتساب ہوتا نظر نہیں آئے گا ۔ قوم قائد اعظم اور اقبال کے پاکستان کی تلاش میں ہے مگر حکمرانوں نے اپنی لوٹ مار اور نا اہلی سے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیاہے ۔ ملک بھر کے طلبا اپنے جمہوری حق اردو کے نفاذ اور یکساں نصاب و نظام تعلیم کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ قومی بجٹ کا کم از کم پانچ فیصد تعلیم پر خرچ کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پردہ باغ پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام صوبائی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان ، صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان اور ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ صہیب الدین کاکاخیل نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 70 سال گزر گئے مگر حکمرانوں کی خود غرض اور مفاد پرستانہ پالیسیوں اور نااہلی نے آج تک ہمیں ایک قوم نہیں بننے دیا ۔