لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) سندھ کے آبادگاروں اور کسانوں کو دھان سمیت گنے کی کم قیمت دینے کے خلاف لاڑکانہ میں سندھ آبادگار ہاری اتحاد سندھ کی جانب سے صوبائی وزیر داخلہ و زراعت سندھ سہیل انور سیال کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھاتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ آبادگاروں اور کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمیعت علمائے اسلام (ف)، پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ، سندھ ترقی پسند پارٹی سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور محکمہ زراعت کی عدم دلچسپی کے باعث سندھ کے آبادگاروں اور کسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے، پوری سندھ میں دھان کی فصل تیار ہے لیکن ایکسپورٹرزاور رائس مل مالکان کیےگٹھ جوڑ کے باعث اس وقت دھان فی من 900 روپے فروخت کی جارہی ہے جس کے غریب کسانوں کا خرچ بھی نہیں نکل سکتا۔