کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر محنت و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ محنت سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب میں بتایا کہ کراچی اور حیدر آباد ریجنز میں 6639 فیکٹریز چل رہی ہیں جبکہ 3397 فیکٹریز بند ہیں ۔ ان فیکٹریز میں 421518 مستقل ملازمین ہیں جبکہ 228201 عارضی ملازمین ہیں ۔ 3397بند فیکٹریز میں سے 3038 فیکٹریز صرف کراچی ریجن میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیکٹریوں کو کھولا جائے تو سندھ انوسٹمنٹ بورڈ اس میں تعاون کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ٹھٹھہ کی لیبر کالونی میں صنعتی کارکنوں کو وہاں قبضہ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ نے کم از کم ماہانہ اجرت 15 ہزار روپے مقرر کی ہے ۔ حکومت سندھ نے کہا ہےکم از کم ماہانہ اجرت کے قانون پرعمل نہ کرنے والے فیکٹری مالکان کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسف کے تعاون سے پورے صوبے میں چائلڈ لیبر سروے کیا جا رہا ہے۔