لندن( مرتضیٰ علی شاہ /ودود مشتاق) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کے ساتھ انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے اور سابق وزیر اعظم کے خلاف مقدمے میں جو قومی احتساب بیورو کے مقدمات کاسامنا کررہے ہیں پاکستان کی عدلیہ کے کندھوں پر بھاری بوجھ ہے، عدالتیں اپنے رویئے اورعمل سے انصاف کرتی ہیں اور اب اس کاانحصار عدالتوں پر ہے کہ وہ کس طرح انصاف کرتی ہیں۔
ہیتھرو ایئر پورٹ پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ انصاف کابنیادی اصول یہ ہے کہ انصاف نہ صرف کیاجانا چاہئے بلکہ انصاف ہوتا بھی نظر آنا چاہئے۔ ایک رپورٹ کے سوال کے جواب میں کہ عام طورپر شکوک ظاہر کئے جارہے ہیں کہ نواز شریف کو انصاف نہیں مل سکے گا وزیراعظم پہلے یہ کہہ چکے ہیں کہ انکی پارٹی کے قائد کاسپریم کورٹ میں منصفانہ ٹرائل نہیں ہوسکے گا جس نے ان کو اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دیاہے۔
شاہد خاقان عباسی جمعہ کی سہ پہر ’’ فیوچر آف پاکستان 2017 ‘‘ میں شرکت کیلئے لندن پہنچے تھے جہاں وہ پاکستان کے حوالے سے کلیدی خطاب کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کامستقبل تابناک ہےاور حکومت ملک کو درپیش مسائل کو حل کرلے گی، ’’ فیوچر آف پاکستان 2017 ‘‘ پاکستان ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی فلیگ شپ کانفرنس ہے، اس کااہتمام سائوتھ ایشیاسینٹر اور لندن سکول آف اکنامکس کے اشتراک سے کیا گیا ہے جس کا مقصد ماہرین تعلیم، سیاستدانوں اورپروفیشنلز کو پاکستان کی ترقی کی سمت اورحکومت کے اقدامات اور پالیسیوں کے عوام کے مستقبل پر پڑنے والے اثرات پر اظہار خیال کی دعوت دی جاتی ہے۔