• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمبلیاں تحلیل کر نےکی تجویز، مولانا فضل الرحمان کی مخالفت

Controversy By Dissolution Of Assemblies Maulana Fazlur Rehman

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز کی مخالفت کردی۔

فاٹا کے انضمام کے حوالے سے خیبر پختونخوا کی 2 بڑی جماعتیں جے یو آئی ف اور اے این پی کھل کر سامنے آ گئیں۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے گزشتہ روز ولی باغ میں فاٹا کے فوری انضمام پر زور دیا تو اگلے ہی دن جے یو آئی نے گرینڈ قبائلی جرگہ طلب کر لیا۔

جرگے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز کی مخالفت کر تے ہوئے کہا کہ کیا اتفاق رائے سے جمہوریت ختم کر کے مارشل لاء لگا دینا چاہئے؟

انہوں نے تحریک انصاف کو سیاسی نابالغ قرار دے دیاجبکہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے معاملے کا از سر نو جائزہ لیا جائےاور اس معاملے پر فاٹا کی عوام کی رائے لینا سب سے اہم ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی کے مرکزی امیر نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے قبائلی علاقوں کی صوبے میں شمولیت کے حوالے سے تقریر کو بھی پرائی شادی میں عبد اللہ دیوانہ قرار دیا۔

انہوں نے 9 نومبر کے اجلاس کے بعد ایم ایم اے کے مستقبل کے اعلان کا بھی عندیہ دیا۔

گرینڈ قبائلی جرگے میں فاٹا سپریم کونسل کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا جو فاٹا کے مسئلے کا از سر نو جائزہ لے گی۔

 

تازہ ترین