اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)صفدرنے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی ڈویژن کی تمام تنظیمیں تحلیل کرکے از سر نو تنظیم سازی کی ہدایت کردی ہے۔اس سلسلے میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کیلئے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کو اسلام آبادجبکہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سرفراز افضل کو راولپنڈی ڈویژن کا آر گنائزر مقررکیاگیا ہے۔ یوتھ ونگ کا ایک اجلاس گزشتہ روز انجم عقیل خان کی رہائش گاہ پر ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر)صفدرنے راولپنڈی اور اسلام آباد کی تنظیمی کارکردگی اور عوامی رابطہ مہم میں تساہل برتنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔کیپٹن(ر) صفدر نے آرگنائزنگ کمیٹیوں کو 10دنوں میں تنظیم سازی کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔