اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی ۔
سردار ایاز صادق نئی حلقہ بندیوں کے لیے آئینی ترمیمی بل پرمنعقدہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے میاں منیر کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی نے نواز شریف کو آئینی ترمیمی بل پر اتفاق رائے نہ ہونے کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب،مشیر عرفان صدیقی اور آصف کرمانی بھی موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر نے عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے آئینی و قانونی ماہرین کی آرا اور سیاسی جماعتوں کے مؤقف سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے قائم 5رکنی کمیٹی کی طرف سے اب تک کی گئی ملاقاتوں اور اس کے نتائج بارے بھی نواز شریف کو بریفنگ دی ۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے تجویز دی کہ آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس فوری طلب کر کے اتفاق رائے حاصل کر لیا جائے۔