• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چار ملکی ٹورنامنٹ، قومی ہاکی ٹیم کو 9-1 کی بدترین شکست

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم جیت سے اپنی مہم شروع کرنے میں ناکام رہی ، پہلے میچ میں میزبان آ سٹریلیا نے اس کی درگت بنادی اور ایک کے مقابلے میں نوگول سے فتح اپنے نام کر لی، میچ کی خاص بات میزبان کھلاڑی بلیک گوورز کی ہیٹ ٹرک تھی۔ پاکستانی کھلاڑی اپنے حریف کے خلاف بے بسی کی تصویر بنے رہے، گیند ان کی پہنچ سے بھی دور نظر آ رہی تھی جس سے اس کی حالیہ تیاریوں کا دعووں کا پول بھی کھل گیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر کیا۔ یہ پاکستان ہاکی ٹیم کی تاریخ کی بدترین شکست ہے۔ اس سے قبل 2006کی چیمپئنز ٹرافی میں ہالینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں 9گول سے شکست دی تھی۔ قومی ہاکی ٹیم اپنا دوسرا میچ میں جمعرات کو نیوزی لینڈ جبکہ اپنا تیسرا اور آخری میچ 11نومبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ میلبورن کے اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا ،8ویں منٹ میں جیز ہیوارڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، 12ویں منٹ میں جیک ویٹن نے گول کرتے ہوئے اسکور2-0کر دیا، دوسرے کوارٹر فائنل میں کلین شمٹ نے فیلڈ گول کرتے ہوئے برتری کو مستحکم کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر آسٹریلیا کو3-0سے برتری حاصل کی۔32ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کا کھاتہ کھولا تاہم اس کے ایک منٹ بعد ہی کلین شمٹ نے گیند کو جال میں پھینکتے ہوئے بدلہ لے لیا، 43ویں منٹ میں بلیک گوورز نے گول کرتے ہوئے اسکور5-1کر دیا۔ چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا نے مزید چار گول کرتے ہوئے مقابلہ9-1سے اپنے نام کیا،47ویں منٹ میں ارونا سلم،55ویں،56ویں اور 60منٹ میں گووور بلیک نے گول داغے۔ 
تازہ ترین