لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت نے اداروں سے لڑ کر سیاست کو بند گلی میں دھکیل دیاہے ،حکمران خاندان کو انا اور ذاتی مفادات کی قربانی دے کر عدالتوں کے فیصلے قبول کرنے چاہئیں اور عدالتوں کے خلاف مورچے لگانےسے اجتناب کرناچاہیے ،حکومت انتخابی اصلا حا ت میں مخلص نہیں ، حکمران خاندان مکافات عمل سے گزر رہاہے ،۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ تبدیل ہو چکی ہے اور پوری قوم آزاد عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے ۔ ہم ان تمام لوگوں کے احتساب کے منتظر ہیں جن کے نام پاناما لیکس میں آئے اور جنہوں نے بینکوں سے قرضے لے کر معاف کرائے ۔ کرپشن زدہ سیاست نے جمہوریت کو کمزور کردیا ہے ۔