• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، ایونکا کی آمد سے قبل سڑکوں سے بھکاری غائب

رواں مہینے کے اختتام پربھارتی شہر حیدرآباد دکّن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایونکا ٹرمپ کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر بھارتی پولیس سڑکوں سے بھکاری غائب کرنے میں سر گرم ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 28 نومبر سے 30 نومبر تک جاری رہنے والے سہ روزہ سالانہ گلوبل انٹر پرینور شپ اجلاس میں سیکڑوں غیر ملکی وفد شرکت کریں گے، اجلاس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایونکا ٹرمپ اور وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت متوقع ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پرفقیروں کی موجودگی اور بھیک مانگنے کیلئے ادھر سے اُدھر دوڑنےکے باعث ٹریفک میں خلل پیدا ہوتا ہے اور ان کے مانگنے کے بے ڈھنگے طریقے سے راہگیروں کو بھی پریشانی لاحق ہوتی ہے، اسی وجہ سے شہر کی سڑکوں پر بھیک مانگنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

گزشتہ روز پولیس کمشنر کی ہدایات پر تقریباً 400گداگروں کو سڑکوں سے غائب کر کے بحالی مرکز بھیجا گیا ، اس کارروائی میں گداگدروں سے بحث بھی ہوئی تاہم ان کا ہر طرح سے خیال رکھنے کے وعدے پر ان کو منتقل ہونے پر آمادہ کر لیا گیا۔

شہر کے تقریبا 6 ہزار فقراء کو بحالی مراکز یا پناہ گزینوں کی رہائش گاہ منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔

پولیس نوٹس کے مطابق عام مقامات ،خاص کر شہر کے بڑے چوراستوں پر 2 ماہ تک بھیک مانگنے پر پابندی عائد کی گئی ہے جو 7 جنوری 2018 تک برقرار رہے گی۔ کوئی بھی شخص اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔

اس سے قبل سنہ 2000 میں سابق امریکی صدر بل کلن کلنٹن کی آمد پر حیدرآباد پولیس نے اسی طرح کا آپریشن کیا تھا۔

تازہ ترین