سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع کونسل کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوگیا، ضلع کونسل کے چیئرمین محمد اسلم شیخ کی جانب سے ملازمین میں تنخواہوں کے چیک تقسیم کیے گئے۔ کئی ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں کے چیک ملنے پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ملازمین کی جانب سے ضلع کونسل کے چیئرمین اسلم شیخ کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس حوالے سے ہم نے احتجاج بھی کیا تھا، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی اور ہمیں رکی ہوئی تنخواہیں دلانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ ضلع کونسل کے ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سراپا احتجاج تھے اور دفاتر کی تالابندی کر کے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ چیئرمین ضلع کونسل محمد اسلم شیخ نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی تنخواہوں کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا اور ان کی کوشش ہوگی کہ جس قدر ممکن ہو سکے جلد از جلد ملازمین کے تنخواہ کے مسئلے کو حل کیا جائے۔